وزیراعظم عمران خان نے چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف موثر کارروائی اور ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی عوام کو بلا تعطل اور کم قیمت پر دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بین الصوبائی نقل و حرکت کے حوالے سے آسانی کو یقینی بنایا جائے، گندم اور آٹے کے حوالے سے وفاق اور صوبے مربوط اور ہم آہنگ حکمت عملی مرتب کریں، ضرورت کے مطابق ذخیرہ کو یقینی بنایا جائے، ماضی میں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں ملوث عناصر نے نہ صرف کسان کو ان کے جائز کے منافع سے محروم کیا بلکہ عام آدمی کو زائد قیمت پر آٹا خریدنے پر مجبور کیا
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا
اجلاس میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران شریک تھے۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب سندھ بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔
صوبائی چیف سیکرٹریز نے اجلاس کو بنیادی اشیائے ضرور یہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے اقدامات اور ان اقدامات کے نتائج کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں صوبوں میں ضروری ادویات اور آکسیجن کی سپلائی کو بلا تعطل ممکن بنانے کے حوالے سے بھی شرکاء کو تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے چینی اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا ذکر کرتے ہوئے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اب تک 716 ٹن آٹا اور ایک ارب سے زائد مالیت کی 16008.5 ٹن چینی بڑے ذخیرہ اندوزوں اور ڈیلروں سے تحویل میں لی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے اقدامات کے نتیجے میں صوبہ پنجاب میں چینی کی قیمت سب سے کم ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کے تناظر میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف مزید موثر کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے۔ گندم اور آٹے کی عوام کو بلا تعطل اور کم قیمت پر دستیابی کو ممکن بنانے کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد صوبائی حکومت تقریبا 35ارب روپے مالیت کی گندم کل سے ریلیز کر رہی ہے
اس اقدام کی بدولت نہ صرف آٹے کی قلت ختم ہو گی بلکہ گندم اور آٹے کی قیمت میں مرحلہ وار کمی بھی ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب کی طرف سے گندم کے حوالے سے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ گندم کی کم قیمت اور بلا تعطل دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کے حوالے سے کوئی دقت درپیش نہ ہو
وزیراعظم عمران خان نے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام کی سربراہی میں تمام صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان کو گندم اور آٹے کے حوالے سے مربوط اور ہم آہنگ حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں تمام صوبوں میں یکسانیت کے ساتھ ساتھ ہر صوبے میں ضرورت کے مطابق مناسب سٹاک کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ اس حکمت عملی کا محور کسان اور عام شہری ہوں کیونکہ ماضی میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر نے نہ صرف کسان کو اس کے جائز منافع سے محروم کیا بلکہ عام آدمی کو بھی زائد قیمت پر آٹا خریدنے پر مجبور کیا
No comments:
Post a Comment
Please do not enter any spam link in the comment box.